0
Friday 17 Jun 2011 19:47

ایم کیو ایم نے پاکستان کو گرین و کلین بنانے کا کام کراچی سے شروع کر دیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم نے پاکستان کو گرین و کلین بنانے کا کام کراچی سے شروع کر دیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے اتحادی جماعتوں میں اختلافات ضرور ہیں مگر اس کی سزا عوام کو نہیں ملنی چاہئے، ایس ایل جی او 2001ء کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ بنیادی سطح کے عوامی نمائندے گلی اور محلے کی سطح پر عوام کی خدمت کر سکیں اور لوگوں کے مسائل حل ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی حکومت کے مرکزی دفتر سوک سینٹر کے احاطے میں 15 روزہ صفائی مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے منشور میں شامل ہے کہ شہر کی بلدیاتی حکومتوں کیلئے یونیفائیڈ کنٹرول نظام ہونا چاہئے، ایک مرکزیت دینے کی ضرورت ہے لہٰذا کے بی سی اے سمیت اداروں کو سٹی حکومت سے علیحدہ کرنے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا ہے اور ایک دن ان سب اداروں کو یکجا کر کے سٹی حکومت کے ماتحت دینا ہو گا بلکہ لینڈ کنٹرول اور پولیس کو بھی سٹی حکومت کے ماتحت دینے کی ضرورت ہے، اس سے عوام کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے۔
 انہوں نے کہا کہ حلیفوں کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے یہی اختلاف ہے کہ وہ 1979ء کی بات کرتے ہیں اور ہم نظام کو 2011ء کے حالات کے تحت لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے بجلی کے حوالے سے بڑے صبر کا مظاہرہ کیا ہے، اب حکومت کو چاہئے کہ کے ای ایس سی کے اندرونی مسائل کو حل کرے، متحدہ قومی موومنٹ کی ہر ممکن حمایت حاصل رہے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے دو اجلاس منعقد ہو چکے، کوئی بھی سیاسی جماعت شہر میں بدامنی نہیں چاہتی، اس لئے تینوں سیاسی جماعتوں نے متحد ہو کر انتظامیہ کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ لوٹ مار اور دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے۔ 
دریں اثناء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کچرے کو لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے اور سائنسی طریقہ سے ٹھکانے لگانے کیلئے 15 روزہ گرین و کلین کراچی مہم شروع کر دی گئی ہے، یہ مہم اداروں کو متحرک کرنے کیلئے ہے، پورا سال اس طرز پر اور اسی جذبے کے ساتھ صفائی و ستھرائی کا کام جاری رہے گا۔ ایم کیو ایم نے پاکستان کو گرین و کلین بنانے کا کام کراچی سے شروع کر دیا ہے، تمام سیاسی پارٹیاں اور عوام اس میں شامل ہوں تو ملک صاف ستھرا ہو جائے گا۔ سٹی گورنمنٹ اور ٹاؤنز کی جانب سے جاری صفائی مہم کے موقع پر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون، ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن، ڈی سی او کراچی محمد حسین سید، ای ڈی اوز، سٹی حکومت اور ٹاؤنز کے افسران بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 79444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش