QR CodeQR Code

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا عالمی یوم القدس کی آمد پر ملک گیر مہم کا اعلان

15 May 2019 22:44

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایل ایف رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یوم القدس کی آمد پر مہم بعنوان ’’علی طریق القدس‘‘ یعنی ’’القدس کی آزادی کے راستے پر گامزن‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے، اس مہم کا مقصد فلسطینی عوام کے حق واپسی عالمی تحریک کی مکمل حمایت کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی شاہ ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، آل پاکستان سنی تحریک کے صدر صدیق قادری، جعفریہ الائنس پاکستان کے سید شبر رضا، پائیلر کے ذوالفقار شاہ، آل پاکستان سنی تحریک کے صدیق قادری اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابومریم نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ دنیا کے تمام مسائل میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل اور پہلا مسئلہ ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ دنیا بھر میں مسائل کی جڑ سامراجی نطام اور شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کا ناپاک وجود ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یوم القدس کی آمد پر مہم بعنوان ’’علی طریق القدس‘‘ یعنی ’’القدس کی آزادی کے راستے پر گامزن‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے، اس مہم کا مقصد فلسطینی عوام کے حق واپسی عالمی تحریک کی مکمل حمایت کرنا ہے، قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جدوجہد اور اس مناسبت سے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس پر دنیا بھر میں القدس کی آزادی کی جدوجہد تیز کرنا اور اس کی حمایت کرنا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں، مورخہ انیس مئی بروز اتوار کو کراچی میں مقامی ہوٹل میں ’’القدس کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر، جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس سمیت ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور رہنما شریک ہوں گے۔ اسلام آباد میں ’’القدس کانفرنس‘‘ کا انعقاد پارلیمنٹری فورم برائے فلسطین و کشمیر کے اشتراک سے سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں مورخہ تئیس مئی جمعرات کو پارلیمنٹری سروس آڈیٹوریم میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں موجود فلسطین کے سفیر مہمان خصوصی ہوں گے اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر افراسیاب خٹک اور چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم شرکت اور خطاب کریں گے۔

مقررین کے مطابق کوئٹہ میں بائیس رمضان المبارک کو گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ لاہور، ملتان، حیدرآباد اور سکھر میں آل پارٹیز پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مناسبت سے چوبیس اور پچیس رمضان المبارک کو ایم اے جناح روڈ پر دو روزہ تصویری نمائش بعنوان آزادی فلسطین و القدس لگائی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا مالکان اور ذرائع ابلاغ کے بااثر شخصیات سے اپیل کی کہ وہ قبلہ اول کی بازیابی کی عالمی تحریک بالخصوص جمعۃ الوداع ’’عالمی یوم القدس‘‘ کی مناسبت سے خصوصی نشریات کا آغاز کریں۔ انہوں نے ملک بھر میں موجود علماء، خطباء اور آئمہ جمعہ سے اپیل کی ہے کہ جمعہ نماز کے اجتماعات میں فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع کی بات کریں اور یوم القدس کے روز پاکستان بھر کی سڑکوں پر فلسطین کی آزادی کے نعرے گونج اٹھیں جبکہ امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کی صداؤں سے امریکی و صہیونی ایوان لرزہ براندام ہوجائیں۔


خبر کا کوڈ: 794444

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794444/فلسطین-فاو-نڈیشن-پاکستان-کا-عالمی-یوم-القدس-کی-آمد-پر-ملک-گیر-مہم-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org