0
Wednesday 15 May 2019 23:06

ایران امریکہ تنازع کی صورت میں کسی کی حمایت نہیں کرینگے، شاہ محمود قریشی

ایران امریکہ تنازع کی صورت میں کسی کی حمایت نہیں کرینگے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھنے والی کشیدگی پر پاکستان گہری نظر رکھے ہوئے ہے، لیکن ہم تنازع کی صورت میں کسی کی حمایت نہیں کریں گے۔ قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پاکستان فکرمند ہے، کسی قسم کے بھی تنازعے کے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، اس لئے ہمیں اس پر واضح حکمت عملی بنانی ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کی صورت میں پاکستان کسی کا بھی ساتھ نہیں دے گا۔ شاہ محمود قریشی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور واشنگٹن نے اپنا ایئرکرافٹ کیریئر اور بمبار طیارے مشرق وسطیٰ بھیج دیئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران سمیت مشرق وسطٰی میں پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی تیار کریں گے، حکومت امور خارجہ سے متعلق معاون کونسل سے مشاورت کرے گی، جس میں متعدد لیجنڈ سفارتکار شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی نازک معاملہ ہے، ہم قریب سے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ایسی حکمت عملی بنانے کی کوشش کریں گے، جس سے ہمارے مفادات اور خطے کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خبر کا کوڈ : 794449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش