1
Thursday 16 May 2019 14:44
ایران اپنی دفاعی قوت اور صلاحیت کی بلندی پر ہے، امیر حاتمی

امریکی پابندیوں پر ایران کا ردعمل اس کا قانونی حق ہے، روس

امریکی پابندیوں پر ایران کا ردعمل اس کا قانونی حق ہے، روس
اسلام ٹائمز۔ خلیجی فارس اور مشرق وسطٰی کے دیگر خطوں میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو حالیہ بحران پر کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کروائی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز مائیک پومپیو کی روس میں صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات ہوئی تھی، جہاں انہوں نے حالیہ کشیدگی کی صورتحال پر بات چیت کی تھی، تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ امریکی اہداف پر کسی قسم کے حملے پر امریکا ردعمل دے گا۔ پیوٹن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ایران کے 2015ء کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے ردعمل کو قانونی قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں پر ایران کا ردعمل اس کا قانونی حق ہے، واضح رہے کہ ایران نے یورپی ممالک کو نیا جوہری معاہدہ کرنے کے لئے 60 روز کی ڈیڈ لائن دی ہے اور کہا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو وہ بلند ترین سطح پر یورینیم کی افزودگی شروع کردے گا۔

دوسری جانب عراق میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے انہیں ایران سے حالیہ کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر تمام غیر ضروری اور غیر ہنگامی سرکاری عملے کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ سفارتخانے کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب گذشتہ ہفتے واشنگٹن نے کہا تھا کہ اسے ایران اور اس کی پراکسی افواج کی جانب سے خطے میں امریکیوں اور امریکی مفاد کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات کا سامنا ہے۔ چند روز قبل سفارت خانے نے امریکیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ عراق کے سفر سے گریز کریں۔ خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 2015ء کے ایران کے جوہری معاہدے کو ختم کرتے ہوئے تہران پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی تھیں۔ اُدھر ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ امریکا سے جنگ ہوئی تو ایران امریکا اسرائیل اتحاد کو شکست دے دیگا۔ ایرانی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی قوت اور صلاحیت کی بلندی پر ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے جوہری معاہدے کی کچھ شقوں سے دستبردار ہونے کے بعد امریکا ایران کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور ایران کی جانب سے خطرے کو جواز بنا کر امریکا نے خلیج میں اپنے جنگی بحری بیڑے اور بمبار طیارے تعینات کردیئے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 794588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے