ایران اپنی دفاعی قوت اور صلاحیت کی بلندی پر ہے، امیر حاتمی
امریکی پابندیوں پر ایران کا ردعمل اس کا قانونی حق ہے، روس
16 May 2019 14:44
پیوٹن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ایران کے 2015ء کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے ردعمل کو قانونی قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔
اسلام ٹائمز۔ خلیجی فارس اور مشرق وسطٰی کے دیگر خطوں میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو حالیہ بحران پر کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کروائی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز مائیک پومپیو کی روس میں صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات ہوئی تھی، جہاں انہوں نے حالیہ کشیدگی کی صورتحال پر بات چیت کی تھی، تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ امریکی اہداف پر کسی قسم کے حملے پر امریکا ردعمل دے گا۔ پیوٹن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ایران کے 2015ء کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے ردعمل کو قانونی قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں پر ایران کا ردعمل اس کا قانونی حق ہے، واضح رہے کہ ایران نے یورپی ممالک کو نیا جوہری معاہدہ کرنے کے لئے 60 روز کی ڈیڈ لائن دی ہے اور کہا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو وہ بلند ترین سطح پر یورینیم کی افزودگی شروع کردے گا۔
خبر کا کوڈ: 794588