QR CodeQR Code

ٹرمپ کا رویہ غیر متوقع ہے وہ یکطرفہ فیصلے کرتے ہیں، اسپین

16 May 2019 17:30

سپین کے وزیر خارجہ "جوسپ بورل" نے امریکی گلف مشن میں شامل سپین کی "مینڈیز نانز" نامی جنگی کشتی کو امریکی مشن سے واپس بلا لئے جانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا رویہ غیرمتوقع ہوتا ہے اور وہ یکطرفہ فیصلے کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز - رپورٹ کے مطابق سپین کے وزیر خارجہ "جوسپ بورل" نے امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے "ابراہم لنکن" کے ہمراہ امریکی گلف مشن میں شامل سپین کی "مینڈیز نانز" نامی جنگی کشتی کو واپس بلانے کے اپنے اقدام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اس مسئلے کے تمام پہلوؤں پر اچھی طرح غوروفکر کرنے کے بعد اپنی جنگی کشتی کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ خلیج فارس کا علاقہ پہلے ہی تناؤ کا شکار ہے جسے انتہائی اہم موضوع میں بدلنا نہیں چاہئے اور نہ ہی مزید پیچیدہ کیا جانا چاہئے۔

سپین کی وزیر دفاع "مارگریتا روبلس" نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سپین کا یہ اقدام ایک فنی اقدام تھا جو فوجی قواعد و ضوابط کے مطابق اٹھایا گیا لیکن سیاسی اقدام نہیں تھا۔ مارگریتا روبلس نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کے بنیادی فیصلے میں تبدیلی کا احترام کرتے ہیں جبکہ اُسے بھی دونوں ممالک کے درمیان طے پائے گئے بنیادی معاہدے پر ہماری پابندی کا احترام کرنا چاہئے۔ ہم امریکہ کے اس فیصلے پر کوئی بات کرتے ہیں نہ ہی اُس کی مذمت کیونکہ یہ ایک عارضی فیصلہ ہے اور جیسے ہی امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ "ابراہم لنکن" ایران کے نزدیکی پانیوں سے دور ہو گا، سپین کی جنگی کشتی اپنے وظیفے پر عمل کرتے ہوئے دوبارہ اس کے ہمراہ ہو جائے گی۔

سپین کی حکومتی ترجمان "ایسابیل سیلا" اور وزیراعظم "پیڈرو سانچز" نے بھی صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ امریکی حکومت کے فیصلوں کے غیرمتوقع ہونے کی وجہ سے ہم نے یہ حکم دیا تھا کہ سپین کی جنگی کشتی عارضی طور پر امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کے ہمراہ نہ رہے۔ یہ فیصلہ احتیاط اور تدبیر پر مبنی تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 794609

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794609/ٹرمپ-کا-رویہ-غیر-متوقع-ہے-وہ-یکطرفہ-فیصلے-کرتے-ہیں-اسپین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org