QR CodeQR Code

یوم مردہ باد امریکا، اصغریہ اسٹوڈنٹس کی حیدرآباد میں مرکزی احتجاجی ریلی

16 May 2019 19:16

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اے ایس او کے مرکزی صدر محسن علی اصغری نے کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم انسانیت کیلئے خطرہ ہے، فلسطین میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے، جبکہ آج پوری دنیا ایک طرف تماشائی بنی ہوئی ہے، تو دوسری طرف غاصب اسرائیل کو کھلی چھٹی دی گئی ہے کہ وہ جس طرح چاہے اور جیسے چاہے، غزہ پر اپنا تسلط قائم کرلے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کے فرمان پر 16 مئی یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کا آغاز اولڈ کیمپس سے کیا گیا، ریلی ایس ایس پی آفیس، ریڈیو پاکستان چوک سے ہوتی ہوئی حیدرآباد پریس کلب پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی میں کمسن بچے، خواتین سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شریک کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور قائدین کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں۔ پریس کلب کے سامنے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر محسن علی اصغری نے کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم انسانیت کیلئے خطرہ ہے، فلسطین میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے، جبکہ آج پوری دنیا ایک طرف تماشائی بنی ہوئی ہے، تو دوسری طرف غاصب اسرائیل کو کھلی چھٹی دی گئی ہے کہ وہ جس طرح چاہے اور جیسے چاہے، غزہ پر اپنا تسلط قائم کرلے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ لہو لہو ہے، صرف فلسطین ہی لہو لہو نہیں، بلکہ پورا عالم اسلام خون آلود بنا دیا ہے۔

محسن علی اصغری نے کہا کہ فلسطین، مصر، لبنان، شام، لیبیا، اردن، بحرین، یمن، افغانستان، عراق اور خود ہمارا وطن عزیز پاکستان بھی عالمی صہیونزم کی سازشوں کے نشانے پر ہے۔ انہوں نےکہا کہ دنیا کے مظلوم ترین عوام آج دنیا کے بدترین ظالم، فرعون، نمرود، یزید جیسوں سے برسر پیکار ہیں، اور امید ہے کہ فتح و نصرت حق والوں کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ﷲ کا یہی وعدہ ہے کہ وہ زمین پر مظلومین اور مستضعفین کی حکومت کو قائم کرکے ہی رہے گا، اور اپنے نور کو ظاہر کرکے ہی رہے گا، خواہ یہ بات مشرکین اور منافقین کو ناگوار ہی کیوں نہ گزرے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے رہنما سید پسند علی رضوی نے کہا کہ 70 سال سے صہیونی اسرائیلیوں نے امریکی اور برطانوی ایما پر انبیاء علیہم السلام کی سرزمین ’’فلسطین‘‘ پر غاصبانہ تسلط قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد تقریباً ساڑھے سات لاکھ فلسطینیوں کو ایک ہی دن میں ان کے گھروں اور کھیت کھلیانوں اور باغیچوں سے بے دخل کرکے فلسطین کے پڑوس میں بسنے والی عرب ریاستوں شام، لبنان، اردن اور مصر جانے پر مجبور کر دیا۔

پسند رضوی نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی عوام، جن میں معصوم بچے، خواتین، مرد اور بزرگ شامل تھے، بے دردی سے قتل کر دیا گیا اور ایک غاصب ریاست اسرائیل کو برسر پیکار لایا گیا، جس نے اس دن سے لے کر آج تک مظلوم فلسطینیوں پر زندگی تنگ کر دی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام عباس حسنینی نے کہا کہ عالمی ضمیر اور انسانی حقوق کی تنظیمیں  بے نقاب ہوچکی ہیں، یہ صرف امریکا کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، مظلومین جہاں فلسطین کو صرف مسلم ہونے کی وجہ سے عتاب میں رکھا گیا ہے۔ اصغریہ تحریک کے مرکزی تعلیم سیکریٹری قمر عباس غدیری نے کہا کہ آج دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہو رہی ہے، اس میں اسرائیل و امریکا کا ہاتھ ہے، جن کا واضح ثبوت شام، افغانستان، یمن، بحرین اور پاکستان ہیں، جبکہ طالبان، القائدہ، داعش و دیگر کالعدم دہشتگرد تنطیموں کا بنانے والا بھی امریکا ہے۔ ریلی کے اختتام پر امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 794628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794628/یوم-مردہ-باد-امریکا-اصغریہ-اسٹوڈنٹس-کی-حیدرا-باد-میں-مرکزی-احتجاجی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org