0
Thursday 16 May 2019 22:13

عوام روزمرہ کی زندگی بحال کریں، آغا سید حسن

عوام روزمرہ کی زندگی بحال کریں، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ احتجاجی جلوس پر پولیس تشدد کے نتیجے میں جانبحق ارشد حسین بٹ کی مظلومانہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہید موصوف کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ آغا سید حسن نے ارشد حسین بٹ کے جذبہ انسانیت اور احساس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نوجوان کی پُرخلوص شہادت رنگ لائے گی اور معصوم بچی کو انصاف دلوانے کا عوام مطالبہ پورا ہو کر رہے گا۔ اس دلسوز سانحہ کے خلاف احتجاجی جلوسوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ انسانیت سوز سانحات کے خلاف آواز بلند کرنا ایک ناگزیر انسانی و دینی فریضہ ہے لیکن احتجاج بہرحال تشدد سے مبرا ہونا چاہیئے۔

آغا سید حسن نے کہا کہ نہ ہی عوام اور نہ پولیس کو تشدد بڑھکانے کا کوئی حق ہے۔ انہوں نے اس سانحہ کے خلاف حالیہ احتجاجات کے دوران دو طرفہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ نے اس معاملے پر کارروائی شروع کی ہے اور عوام کا صدائے احتجاج رنگ لایا ہے، لہٰذا عوام کو اب روزمرہ کی زندگی بحال کرنا چاہیئے اور عدالتی کارروائی کا انتظار کرنا چاہیئے۔ آغا سید حسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سانحہ سے متعلق سوشل میڈیا پر چلائی جانیوالی اشتعال انگیزی کی طرف کان نہ دھریں، کچھ عناصر اس معاملے کو مفسدانہ رخ دے کر اتحاد ملی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آغا سید حسن نے شہید ارشد حسین بٹ کے لواحقین اور پسمندگان سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مرحوم کے لواحقین کو فوری  طور پر معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 794630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش