0
Friday 17 May 2019 11:05

جموں میں مسلمان ہونا جیسے گناہ ہے، انجینئر رشید

جموں میں مسلمان ہونا جیسے گناہ ہے، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ بھدرواہ جموں میں نتھلی کے مقام پر نام نہاد گاؤ رکھشکوں اور وی ڈی سی ممبران کی طرف سے نعیم بٹ نامی شہری کو بلا وجہ گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ہے کہ جموں خطہ میں مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں اور پوری انتظامیہ فرقہ پرستوں کی لونڈی بن کے رہ گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے کہا کہ ایک طرف حکومت نے پارلیمانی انتخابات کے وقت لائسنس یافتہ بندوق برداروں سے اپنے ہتھیار متعلقہ تھانوں میں جمع کرنے کی سختی سے ہدایت کی لیکن دوسری طرف فرقہ پرست دہشتگردوں پر اس حکمنامہ کا نہ کوئی اطلاق ہوا اور نہ کوئی اثر۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو اس بات کا بغیر کسی بہانہ بازی کے جواب دینا چاہیئے کہ آخر ان دہشتگردوں کے پاس ہتھیار کہاں سے آئے اور نہتے مسلمانوں پر وقفہ وقفہ سے وار کرنے کا حکمنامہ آخر کون دیتا ہے۔ نعیم بٹ کا قتل ایسا پہلا واقعہ نہیں اور جس طرح انتظامیہ نے ماضی میں بھی قاتلوں کو چھوٹ دے رکھی ہے، اسے شہہ پا کر ایک مرتبہ بھی بھدرواہ میں بےگناہ شخص کا قتل کیا گیا۔ انجینئر رشید نے الزام لگایا کہ جموں میں سول اور پولیس انتظامیہ فرقہ پرست طاقتوں کے ہاتھوں بے بس ہو چکی ہے اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔ واقعہ میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انجینئر رشید نے اپنے اس مطالبے کو دہرایا کہ وی ڈی سی کے نام پر ہندو انتہا پسندوں کو دیئے گئے تمام ہتھیار بغیر کسی عذر کے واپس لئے جائیں کیونکہ پولیس اور دیگر ایجنسیاں بخوبی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 794699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش