0
Friday 17 May 2019 10:34

ماردھاڑ قابض فورسز کا مشغلہ بن چکا ہے، اشرف صحرائی

ماردھاڑ قابض فورسز کا مشغلہ بن چکا ہے، اشرف صحرائی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ میں جاں بحق ہونیوالے جنگجوؤں اور عام شہری کو خراج عقیدت اور پٹن کے زخمی ہونیوالے جوان کی ہلاکت واقع ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر کی سرزمین کو معصوم اور بے گناہوں کے لہو سے لالہ زار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کا خون بہانے کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے بار بار کے یہ اعلانات کہ فورسز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، کا ہی نتیجہ ہے کہ فورسز نے نہتے اور معصوم عوام کے خلاف کھلی جنگ چھیڑ دی ہے اور ریاستی عوام کو ظلم و جبر تشدد اور مار دھاڑ کا نشانہ بنانا اب فورسز کا مشغلہ بن چکا ہے۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ عبادات، اخوت، ایثار کے ساتھ ساتھ جسمانی اور روحانی ریاضت کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں انسان اللہ تعالٰی کی عبادت میں مشغول رہتا ہے، مگر اس مقدس مہینے میں بھی فورسز بلاناغہ بستیوں کو محاصرہ میں لے کر گھر گھر کی تلاشی لیتی ہیں، چھاپے ڈالتی ہیں اور توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ساتھ شبانہ چھاپے ڈال کر نوجوانوں کو گرفتار کرکے ساتھ ساتھ چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 794702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش