QR CodeQR Code

نواز لیگ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرے، پیپلز پارٹی

17 May 2019 12:24

صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی دیگر جماعتوں سے عدم روابط کی بنا پر اپوزیشن, حکومت کے خلاف ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے اور حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے پا رہی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کو چاہیے کہ حمزہ شہباز کی جگہ کسی اور کو اپوزیشن لیڈر بنا دیں کیوں کہ وہ اپنے ذاتی اور خاندانی معاملات میں الجھے ہوئے ہیں اور پارلیمانی امور کو مکمل وقت نہیں دے پا رہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی دیگر جماعتوں سے عدم روابط کی بنا پر اپوزیشن, حکومت کے خلاف ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے اور حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے پا رہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اپوزیشن لیڈر ایسا ہونا چاہیے کہ جو پارلیمانی امور کو وقت دے سکے اور حکومتی پالیسی کے خلاف موثر اپوزیشن کر سکے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن پی ٹی آئی حکومت کی ’عوام مخالف‘ پالیسی کے خلاف بھرپور طریقے سے ردعمل نہیں دے گی تو عوام ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے، ان کے مطابق پنجاب کے عوام اپوزیشن جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں جنہیں مایوس نہیں کیا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز کے والد میاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائدِ حزب ِاختلاف ہیں تاہم انہوں نے اپنے صحت کے مسائل کے سبب بطور پارلیمانی لیڈر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے دستبرداری اختیار کر لی ہے اور علاج کےلیے لندں میں موجود ہیں۔ اسمبلی کی کمیٹیوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں حسن مرتضیٰ نے شکایت کی کہ پی پی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اس فیصلے کے بارے میں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اخلاقی اعتبار سے ہم مسلم لیگ (ن) کی پالیسی پر عمل کرنے کے پابند نہیں اس لیے ہم کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے انتخاب میں حصہ لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 794723

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794723/نواز-لیگ-پنجاب-اسمبلی-میں-اپوزیشن-لیڈر-تبدیل-کرے-پیپلز-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org