0
Friday 17 May 2019 18:13

ادلب اور حماہ کے نواح میں شامی افواج کی پیشقدمی

ادلب اور حماہ کے نواح میں شامی افواج کی پیشقدمی
اسلام ٹائمز - رپورٹس کے مطابق شامی شمال مشرقی صوبے ادلب اور حماہ کے نواح میں شامی افواج کی پیشقدمی بدستور جاری ہے جبکہ بہت سے اہم علاقوں کو جبہۃ النصرہ کے دہشتگردوں سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی افواج نے دہشتگردوں کے نقل و حمل اور رسد کے رستوں کو اپنی زد میں لے رکھا ہے جس سے دہشتگرد گروہوں کا باہمی رابطہ درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ شامی افواج اپنی تیز پیشقدمی کے دوران دہشتگردوں کے زیرکنٹرول علاقوں کو یکے بعد دیگرے آزاد کروا کر اپنے کنٹرول میں لے رہی ہیں۔

ایک شامی فوجی کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر شدید لڑائیوں کے باوجود ہم نے دشمن سے بہت سے علاقے واپس لے لئے ہیں اور انشاءاللہ یوں ہی آگے بڑھتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جبہۃ النصرہ کے دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کی بھرپور کوشش ہے کہ دہشتگردوں کے زیرکنٹرول علاقے شامی حکومت کے کنٹرول میں واپس نہ جائیں لیکن شامی افواج کی اب تک کی پیشقدمی کے دوران وہ کچھ نہیں کر پائے۔

دوسری طرف دہشتگرد اپنے ہتھیار اور جنگی سازوسامان چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ دہشتگردوں سے ملنے والے فوجی سازوسامان پر ان کے سپانسرز کے قومی جھنڈے اور مونوگرامز بھی درج ہیں۔ دہشتگردوں سے ملنے والے فوجی سازوسامان پر "ترکی میں شامی مہاجرین کی طرف سے اپنے مجاہد بھائیوں کے لئے تحفہ"، "ملک سلمان انسانی امداد مرکز سعودی عرب" اور "المملکۃ العربیۃ السعودیۃ" جیسی تحریریں لکھی ھیں جو دہشتگردوں کے حامی ممالک کا واضح طور پر پتہ دیتی ہیں۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق شامی افواج نے صوبہ ادلب کی جنوب مغربی انتظامی حد پر واقع علاقوں تک جو سالہا سال سے دہشتگردوں کے کنٹرول میں تھے، پہنچنے کے بعد دہشتگردوں کے خلاف پیشہ ورانہ آپریشنز شروع کر دیئے ہیں جن کے جواب میں دہشتگرد اپنے اسلحے سے بھرے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہیں۔
خبر کا کوڈ : 794802
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش