0
Saturday 18 May 2019 11:58

کشمیر میں شہری ہلاکتوں اور ظلم و زیادتیوں کیخلاف انجمن شرعی شیعیان کا احتجاج

کشمیر میں شہری ہلاکتوں اور ظلم و زیادتیوں کیخلاف انجمن شرعی شیعیان کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شعیان کے صدر اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بانڈی پورہ سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس انسانیت سوز اور دل دہلانے والے واقعہ سے انسانیت شرمسار ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی بگاڑ اور خرابیاں اب اس حد تک جا پہنچی ہیں کہ اب ایسے دردناک واقعات ہمارے سماج کی کہانی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بےحسی اور سماجی معاملات سے لاتعلقی کی وجہ سے اب معصوم بچیوں کی تار تار ہوتی عصمتیں اور ان کی چیخیں ہمارے لئے معمول کی بات بن چکی ہیں، اخلاق اور کردار کی گراوٹ کی یہ سطح کسی بھی قوم کی ہلاکت اور تباہی کے لئے کافی ہے۔

انجمن شرعی شعیان کے اہتمام سے آج نماز جمعہ کے بعد بڈگام، حسن آباد، سوناوری، اندرکوٹ اور دیگر علاقوں میں جلوس نکالے گئے۔ ترگام سمبل میں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعہ میں کی متاثرہ بچی کو انصاف کی مانگ کرتے ہوئے ملوث فرد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہید ارشد حسین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور قتل میں ملوث افراد کو فوری طور سزا دی جائے۔ آغا سید حسن نے بھدرواہ میں معصوم افراد پر مسلح افراد کی فائرنگ جس میں ایک شخص جاں بحق اور مزید دو افراد شدید مضروب ہوگئے ہیں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث درندوں کو فوری طور گرفتار کیا جائے تاکہ وہاں پر مسلمان کسی خوف و خطر کے بغیر اپنی زندگی گذار سکیں۔
خبر کا کوڈ : 794815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش