QR CodeQR Code

لاہور، ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

18 May 2019 09:40

پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خاتون کو گولی لگی۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہو گئے، جنہوں نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔


اسلام ٹائمز۔ فیروز پور روڈ پر ڈولفن اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے راہ گیر خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خاتون کو گولی لگی۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہو گئے، جنہوں نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ ڈولفن اہلکاروں نے نشتر کالونی کے علاقے میں گشت کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 40 سالہ خاتون نسرین وارث سر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئی، جو تین گھنٹے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ واقعے پر اہل علاقہ مشتعل ہو گئے جنہوں نے فائرنگ کرنے والے ڈولفن اہلکاروں حبیب، حسیب، نسیم اور قدیر کو پکڑ لیا اور سڑک بلاک کر دی، مشتعل افراد نے پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ڈی ایس پی کاہنہ احسان اللہ کا کہنا ہے کہ چاروں ڈولفن اہلکار حراست میں ہیں، واقعے کی تحقیقات شفاف طریقے سے کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلے میں عینی شاہدین سے بھی مدد حاصل کی جائے گی، موٹرسائیکل سوار نوجوان اسد علی اور غلام رسول کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، دونوں ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ ہیں۔ واقعے کے بعد سرکاری ہینڈ آؤٹ جاری ہوئے، جن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے آئی جی سے، آئی جی نے سی سی پی او سے، سی سی پی او نے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے اور ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ڈی ایس پی کاہنہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔


خبر کا کوڈ: 794880

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794880/لاہور-ڈولفن-اہلکاروں-کی-فائرنگ-سے-خاتون-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org