0
Saturday 18 May 2019 11:45

بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتی، چوہدری یاسین

بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتی، چوہدری یاسین
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین نے مقبوضہ کشمیر میں چھ نوجوانوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر کے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور اقوام عالم اس سفاکیت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نوجوانوں معصوم بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنا رہی ہے جو کہ سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی عبادات پر پابندی عائد کرنا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے بھارتی فوج کی سفاکیت، انٹروگیشن کے نام پر نوجوانوں کا قتل عام کرنا اور عوام کو ان کے مذہبی امور سے روکنے کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر کے دنیا پر اپنا موقف واضح کر دیا تھا کہ وہ کسی صورت بھارت کیساتھ نہیں رہیں گے، بھارتی حکومت نے انتخابی ڈرامے میں ناکامی کا بدلہ کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا کر اور نوجوانوں کو انٹروگیش سنٹروں میں لے جا کر بدترین تشدد کے بعد ان کی لاشوں کی صورت میں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اب سفاکیت کی انتہا پر پہنچ چکی ہے، سکولوں کے معصوم بچوں اور خاص کر نوجوانوں پر تشدد کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کی داستان اپنے خون سے لکھ رہے ہیں ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور انکو آزادی کی منزل حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتی۔
خبر کا کوڈ : 794920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش