QR CodeQR Code

قوم عمران خان سے مایوس ہو چکی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

18 May 2019 18:40

لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، نئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو غربت سے تنگ آئے ہوئے لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں، آئی ایم ایف کی معاشی غلامی اقتصادی مسائل کی جڑ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹھ مہینوں میں عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان کے وعدوں کے منافی ہے، عوام کے مسائل بڑھا کر اقتدار کے استحکام کی توقع رکھنا عبث ہے، نئے صوبوں پر سیاست ہو رہی ہے، نئے صوبے لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم عمران خان سے مایوس ہو چکی ہے، بجٹ کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، نئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو غربت سے تنگ آئے ہوئے لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں، آئی ایم ایف کی معاشی غلامی اقتصادی مسائل کی جڑ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے بیرونی قرضوں میں 666 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے اور ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، اپوزیشن عوامی مسائل پر زوردار آواز اٹھائے۔ حکومتی نااہلی کی انتہا ہو چکی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے کالے بادل برسنے لگے ہیں، قوم آئی ایم ایف کا تیار کیا ہوا بجٹ قبول نہیں کرے گی۔ نئے بجٹ میں بڑے سرکاری افسروں کی تنخواہیں کم اور چھوٹے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ تعلیمی بجٹ میں اضافہ بھی ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 795024

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795024/قوم-عمران-خان-سے-مایوس-ہو-چکی-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org