ایران کےخوف نے امریکہ کی نیندیں اڑا دیں، جنگ کے امکانات مسترد
19 May 2019 13:13
ایران، امریکی صدر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تجویز کو مسترد کرچکا ہے اور اس سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ؟امریکی جارحیت ناقابلِ قبول ہے"۔
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، جس کے بعد واشنگٹن میں موجود سینئر حکام نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی راہیں تلاش کرنی شروع کردیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے قائم مقام سیکرٹری ڈیفنس پیٹرک شناہن کو بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے اس بیان کا مطلب اپنے جگنجو ساتھیوں کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ وہ ایران پر دباؤ ڈالنے والی امریکی کوششوں میں شدت لا کر اسے تنازع میں تبدیل نہیں کرنا چاہتے۔ ایک دوسرے بیان کے مطابق امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید سے ایرانی خطرات کے بارے میں گفتگو کی، عمان کو طویل عرصے سے مغرب اور ایران کے درمیان ثالث کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مائیک پومپیو نے کشیدگی کم کرنے اور ایران کو قائل کرنے کے لئے یورپی حکام سے بھی بات چیت کی، یہ صورتحال امریکی خفیہ اداروں کی ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ خلیج فارس میں ایران کے پاس میزائل سے لیس چھوٹی کشتیاں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ: 795111