QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر ایک فرضی داستان ہے، جتندر سنگھ

19 May 2019 18:49

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیراعظم دفتر میں بحیثیت وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاست بھارت کی دیگر ریاستوں کی ہی طرح ہے جن میں کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر جتیندر سنگھ نے مسئلہ کشمیر کو ایک ’’فرضی داستان‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کو پیدا کرنے میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ جتیندر سنگھ کا کہنا تھا کہ نینشل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ نے دلی رضامندی کے ساتھ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قبول کیا مگر جونہی وہ اقتدار سے باہر ہوئے تو انہوں نے رائے شماری اور ریفرنڈم جیسے نعروں سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیراعظم دفتر میں بحیثیت وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاست بھارت کی دیگر ریاستوں کی ہی طرح ہے جن میں کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے۔

بی جے پی کے لیڈر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جیسا تنازعہ کوئی معاملہ ہے ہی نہیں اور جو لیڈران اس طرح کا کوئی ایشو اُٹھا رہے ہیں وہ انتہائی خود غرض لوگ ہے جو رائی کا پہاڑ بناکر سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر معاملے کے حوالے سے سیاسی لیڈران کی منافقانہ سیاست اُس وقت واضح طور پر سامنے آجاتی ہے جب وہ جموں و کشمیر سے متعلق علیحدہ آئین کی دہائیاں دیتے رہتے ہیں جبکہ وہی آئین اس بات کو بھی واضح کردیتا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ جتیندر سنگھ کے بقول گزشتہ کئی برسوں سے کشمیر معاملے کو لیکر ایک نیا شوشہ کھڑا کیا جارہا ہے کیوں کہ اس سے ووٹوں کے حصول کی خاطر چند سیاسی پارٹیوں کو فائدہ مل رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 795116

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795116/مسئلہ-کشمیر-ایک-فرضی-داستان-ہے-جتندر-سنگھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org