QR CodeQR Code

مقدس ایام میں بھی کشمیری عوام امن و سکون سے محروم ہیں، اشرف صحرائی

19 May 2019 18:49

اپنے ایک بیان میں تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو گولیوں سے بھونا جارہا ہے، مکانات کو بموں اور بارود سے اُڑایا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے خونین معرکہ میں جاںبحق ہوئے جنگجوؤں شوکت احمد (پنزگام )، عرفان احمد (سوپور) اور مظفر احمد (ٹہاب) کو خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پورے کشمیر آگ و آہن کے حوالے کیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں اشرف صحرائی نے کہا کہ نوجوانوں کو گولیوں سے بھونا جارہا ہے، مکانات کو بموں اور بارود سے اُڑایا جاتا ہے۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ بستی بستی فوجی محاصرے تلاشیاں، چھاپے، گرفتاریاں اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر میں نسل کشی کا سلسلہ تیز کیا ہے۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے حصول حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور جدوجہد آزادی کی اس راہ میں آج تک لاکھوں لوگوں نے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں لیکن بھارت نے جموں کشمیر کے مطالبہ حق خودارادیت کو کبھی بھی خاطر میں نہیں لایا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی لوگوں کو امن و سکون سے روزہ رکھنے کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنزگام کی بستی کو رات بھر محاصرے میں رکھ کر شدید عذاب میں مبتلا کیا گیا، نہتے شہریوں پر طاقت کا بیجا استعمال کیا گیا۔ اشرف صحرائی نے قابض فورسز کی ان کارروائیوں کی مذمت کی اور جاں بحق ہوئے جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 795118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795118/مقدس-ایام-میں-بھی-کشمیری-عوام-امن-سکون-سے-محروم-ہیں-اشرف-صحرائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org