QR CodeQR Code

بنوں، جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ تبادلہ، راہگیر سمیت 3 افراد جاں بحق

19 May 2019 20:48

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ تبادلہ میں ایک راہگیر عارف اللہ بھی گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق ہوا جبکہ ادریس نامی شخص زخمی ہوگیا جو رازق خان اور نقیب اللہ کا بھتیجا ہے جسے طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں جائیداد کے تنازعہ پر دو فریقین کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بنوں کے علاقہ غوریوالہ میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے کی اپنی دو چچاؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بھتیجے کی فائرنگ سے اُس کے دونوں چچا رازق خان اور نقیب اللہ جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ تبادلہ میں ایک راہگیر عارف اللہ بھی گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق ہوا جبکہ ادریس نامی شخص زخمی ہوگیا جو رازق خان اور نقیب اللہ کا بھتیجا ہے جسے طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مجروح ادریس کو پولیس حراست میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب بنوں کے نیم قبائلی علاقہ جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک مبینہ شدت پسند ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گذشتہ شب رات گئے جانی خیل میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جس کے دوران مبینہ شدت پسندوں نے فائرنگ کی، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 795146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795146/بنوں-جائیداد-کے-تنازعہ-پر-فائرنگ-تبادلہ-راہگیر-سمیت-3-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org