QR CodeQR Code

ایران اور سعودی عرب کی ٹینشن سے اسرائیل فائدہ اُٹھاتا ہے

پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، سراج الحق

امریکہ ایران پر حملے کیلئے پر تول رہا ہے، جو مسلم امہ کیلئے نقصان دہ ہے

19 May 2019 21:36

پی ایل ایف کے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، پاکستان اسرائیل کو تسلیم بھی کرلے تو اسرائیل اس کو اہمیت نہیں دے گا کیوںکہ اس کے لئے بھارت اہمیت کا حامل ہے، بھارت اسرائیل اور امریکہ ایک ٹرائیکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، امریکہ ایران پر حملے کے لئے پر تول رہا ہے، جو مسلم امہ کے لئے نقصان دہ ہے۔ یہ بات انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شرکاء سے اپنے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین کا ساتھ دینا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، دنیا کی بہت سی اقوام انسانیت کی خاطر فلسطینی عوام کا ساتھ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی وہ واحد قوم ہے جو ٹینکوں کے مقابلے میں پتھر سے لڑتی ہے، آج فلسطینی بچے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے بجائے شہادت کی خواہش رکھتے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریہ اور ایک کلمہ ہے، پاکستان کا اول و آخر اسلام ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں امریکی بحری بیڑہ موجود ہے اور امریکہ ایران پر حملے کے لئے پر تول رہا ہے، جو مسلم امہ کے لئے نقصان دہ ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کی ٹینشن سے اسرائیل فائدہ اُٹھاتا ہے، اسرائیل چاہتا ہے کہ وہ مسلم امہ کو آپس میں لڑوا کر وہ دنیا پر اپنا تسلط قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، پاکستان اسرائیل کو تسلیم بھی کرلے تو اسرائیل اس کو اہمیت نہیں دے گا کیوںکہ اس کے لئے بھارت اہمیت کا حامل ہے، بھارت اسرائیل اور امریکہ ایک ٹرائیکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 795149

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795149/پاکستان-میں-اسرائیل-کو-تسلیم-کرنے-کی-کوششیں-کبھی-کامیاب-نہیں-ہوں-گی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org