QR CodeQR Code

اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے زور دیا گیا مگر وزیراعظم عمران خان نے انکار کردیا، اسرار عباسی کا انکشاف

20 May 2019 05:55

کراچی میں القدس کانفرنس سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ امام خمینی نے کہا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کا واحد حل مقاومت ہے، آج فلسطین اور غزہ کے مظلومین اپنے دفاع کے لئے اسرائیل پر حملہ کرتے ہیں، ہم فلسطینی مقاومت کا ہر ممکن ساتھ دیں گے، ہم فلسطین اور کشمیر کے حل کے لئے کی جانے والی ہر کوشش میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے زور دیا گیا مگر وزیراعظم عمران خان نے انکار کردیا۔ یہ انکشاف انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں القدس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اسرار عباسی نے مزید کہا کہ حکومت فلسطین کاز کیلئے ہر سطح پر آواز اُٹھائے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے زور دیا گیا مگر وزیراعظم عمران خان نے اس کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے عظیم مقصد کے لئے ہم ہر لمحہ موجود ہیں، خدا ہمیں فلسطین کے موضوع کیلئے تمام امور کی انجام دہی کرنے کی توفیق دے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، ڈاکٹر عالیہ امام، علامہ قاضی احمد نورانی، پیر ازہر ہمدانی، ارشد نقوی، میجر قمر عباس، نعیم قریشی، مسلم پرویز اور صابر ابو مریم نے کہا کہ آج اسرائیل محصور ہے، اسرائیل نے داعش کو بنایا کہ وہ شام کو ختم کرکے اس پر قبضہ کرنا چاہتا تھا مگر اس کی تمام تدبیریں الٹی پڑ گئیں، اسرائیل کا وجود اب ختم ہونے والا ہے، امام خمینی نے کہا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کا واحد حل مقاومت ہے، آج فلسطین اور غزہ کے مظلومین اپنے دفاع کے لئے اسرائیل پر حملہ کرتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امریکا جو 15 ٹریلین ڈالر کا مقروض ہے وہ عالمی ٹھیکیدار بنا ہوا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہم فلسطینی مقاومت کا ہر ممکن ساتھ دیں گے، ہم فلسطین اور کشمیر کے حل کے لئے کی جانے والی ہر کوشش میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ نصاب تعلیم میں مسئلہ فلسطین کو شامل کیا جائے۔ کانفرنس میں پاکستان میں موجود فلسطینی طلباء کے صدر محمد زیدان سمیت معروف سیاسی و سماجی شخصیات میں کرامت علی، احمد خان ملک، امتیاز فاران، سید شبر رضا، میجر (ر) قمر عباس، ارم بٹ، الحاج محمد رفیع، نعیم قریشی، محمد عاقل، پروفیسر ہارون رشید، ایڈوکیٹ ملک طاہر، عبد الوحید یونس، ریحان عابدی و دیگر شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 795152

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795152/اسرائیل-کو-تسلیم-کرنے-کیلئے-زور-دیا-گیا-مگر-وزیراعظم-عمران-خان-نے-انکار-کردیا-اسرار-عباسی-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org