QR CodeQR Code

کشمیر میں بڑھتی ہوئی خونین کارروائیوں کیلئے بھارت ذمہ داری ہے، حریت کانفرنس (گ)

19 May 2019 22:25

حریت رہنماؤں نے تنازعہ کشمیر کے پُرامن تصفئے کے لئے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام نے پچھلے 71 برسوں سے بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں کریم آباد، ٹہب اور پنزگام سے تعلق رکھنے والے شہداء کے وارثین کے گھر جاکر ان کے ساتھ تعزیت اور اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ حریت قائدین نے تعزیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا اور کشمیر میں آئے روز بڑھتی ہوئی خونین کارروائیوں کے لئے بھارت پر ذمہ داری عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کی وجہ سے مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک نیوکلئیر فلیش پوائینٹ بنا ہوا ہے۔

حریت رہنماؤں نے تنازعہ کشمیر کے پُرامن تصفئے کے لئے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام نے پچھلے 71 برسوں سے بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں۔ مزاحمتی قائدین نے کشمیر میں بھارت کے قابض افواج کی طرف سے رات کے سناٹے اور گھپ اندھیرے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے ذریعے عام لوگوں کو ذہنی تناؤ اور خوف و ہراس میں مبتلا کئے جانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے مقامی آبادی کی زندگی کو جہنم زار بنایا گیا ہے۔ حریت راہنماؤں نے مسئلہ کشمیر جیسے دیرینہ تنازعہ کو عوامی خواہشات کے عین مطابق حل کرنے اور یہاں ہورہی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر روک لگائے جانے کے لئے اقوامِ متحدہ کو اپنا موثر رول ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 795154

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795154/کشمیر-میں-بڑھتی-ہوئی-خونین-کارروائیوں-کیلئے-بھارت-ذمہ-داری-ہے-حریت-کانفرنس-گ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org