0
Monday 20 May 2019 09:33

سرکاری اسکیم کے تحت اضافی حج کوٹہ کی قرعہ اندازی ملتوی

سرکاری اسکیم کے تحت اضافی حج کوٹہ کی قرعہ اندازی ملتوی
اسلام ٹائمز۔ وزارت مذہبی امور اور بین المسالک ہم آہنگی نے سرکاری حج اسکیم میں ناکام درخواست گزراوں کے درمیان حج کا اضافی کوٹہ تقسیم کرنے کے لیے دوسری قرعہ اندازی ملتوی کر دی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اتوار کے روز جاری ہونے والے بیان میں بتایا کہ قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان وفاقی کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد کیا جائے گا۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے تناظر میں انہوں نے اضافی حج کوٹے کیلئے پیر کے روز قرعہ اندازی ہونے کی اطلاعات کی تردید کی۔ یہ بات مدِنظر رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 16 ہزار پاکستانیوں کا اضافی حج کوٹہ دیا ہے جس میں سے 60 فیصد انہیں تفویض کیا جائے گا جنہوں نے سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کروائی تھی لیکن قرعہ اندازی میں ناکام رہے۔ خیال رہے کہ ناکام درخوست گزاروں کے متعلقہ بینکس سے رقم واپس وصول کرنے کے باوجود انہیں قرعہ اندازی میں شامل کر لیا جائے گا البتہ اب ہونے والے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کی صورت میں انہیں 4 روز کے اندر رقم جمع کروانی ہو گی۔

واضح رہے کہ رواں برس سرکاری حج اسکیم کے تحت 2 لاکھ 16 ہزار 542 درخواستیں موصول ہوئی تھی جس میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 درخواست گزار 11 مارچ کو ہونے والی قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پائے تھے۔ دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ ماہ جون میں حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حج پروازوں کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر میسر ہوں گی۔ اس کے علاوہ حج پر جانے والے زائرین کو ان کی پروازوں، مکتب نمبر، اور متعلقہ تفصیلات سے ایس ایم ایس اور خط کے ذریعے بھی آگاہ کردیا جائے گا۔ عارضی شیڈول کے مطابق ایک ماہ تک جاری رہنے والی حج پروازوں کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے سے ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 795200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش