0
Monday 20 May 2019 09:55

اپوزیشن جماعتیں حکمرانوں سے نجات کا لائحہ عمل دیں،اعجاز ہاشمی

اپوزیشن جماعتیں حکمرانوں سے نجات کا لائحہ عمل دیں،اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں ملاقات کرنیوالے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کے شکارعوام کی ترجمانی نہ کی گئی تو وہ معاف نہیں کریں گے۔ ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملکی خودداری اور ایٹمی صلاحیت بھی خطرے میں ہے۔ معیشت تباہ ہوچکی، ڈالر سنبھالا نہیں جا رہا۔ پاکستانی روپیہ کاغذ کا ٹکڑا بن چکا ہے۔ جمہوری ملک میں غیر منتخب عناصرسیاسی عہدوں پر مسلط ہو کر قوم کی تقدیر کے فیصلے کر رہے ہیں۔ جبکہ بونے سیاستدان جنہیں منتخب کروا کر قوم پر مسلط کیا گیا ہے ان میں صلاحیت اور سیاسی بصیرت ہی نہیں کہ ملکی مسائل کو حل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا ہوگا۔ ورنہ نااہل حکمران ملکی سلامتی کیلئے بھی خطرہ بن جائیں گے۔ آئی ایم ایف عملی طور پر ملک پر مسلط ہے۔ سلامتی کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن عوام کی نمائندگی کرے اور ایک لائحہ عمل کیساتھ عیدالفطر کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرے۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ عوام کی نمائندگی متحدہ مجلس عمل بہتر انداز میں کر سکتی ہے اور ہم نے 25 جولائی2018ء کے انتخابی ڈرامے کے فوری بعد تمام سیاسی جمہوری پر واضح کر دیا تھا کہ حکمرانوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں۔ مگر ہماری تجویز پر اس وقت کان نہ دھرا گیا۔ اب دیر آید درست آید کے مصداق بلاول بھٹو زرداری نے افطار ڈنر پر اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرکے اچھا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ایک لائن آف ایکشن تیارکرکے آئی ایم ایف کے غلاموں کی حکومت کو چلتا کریں گے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے بعد خدشہ ہے کہ کہیں ایٹمی قوت سے دستبرداری کی شرط بھی قبول نہ کرلی جائے۔ پاکستان کے مالک ومختار عوام ہیں، انہیں نظر انداز کیا گیا تو کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے حکمرانوں سے نجات کا لائحہ عمل قوم کو دیں۔
خبر کا کوڈ : 795205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش