QR CodeQR Code

حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث وسائل سے مالامال ملک بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، سراج الحق

20 May 2019 21:28

کراچی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی پاکستان بنائیں تو اللہ تعالیٰ ہمیں بھی رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے گا، ایک اسلامی پاکستان ہوگا تو کشمیر اور فلسطین بھی آزاد ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور بد اعمالیوں کے باعث وسائل سے مالامال اور بہترین افرادی قوت کی صلاحیت کا حامل ملک بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے اور موجودہ حکمران آئی ایم ایف سے مزید قرضے لے رہے ہیں، عوام پر مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جارہا ہے، اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، عوام کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے لیکن پانی اور بجلی کی سہولتوں سے محروم ہیں، جماعت اسلامی مظلوموں، مزدوروں اور غریب عوام کی ترجمانی کرے گی اور عیدالفطر کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک چلائیں گے، عوام ایک اسلامی، خوشحال اور بیرونی قرضوں سے آزاد پاکستان کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی  کے کارکنان ملک میں اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کی جدوجہد کریں، اسلامی نظام اور شریعت محمدی (ص) کے نفاذ سے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے اور ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت محکمہ موسمیات گلستان جوہر میں عوامی دعوت ِافطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار میں ضلع شرقی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا اور آخرت میں ساری انسانیت کی کامیابی دین اسلام میں ہے، 6 ارب انسان دنیا میں موجود ہیں، لیکن امت مسلمہ کی حیثیت و مقام دنیا اور آخرت میں بلند ہے، اس کی فضیلت کا سبب یہ ہے کہ یہ امت وہی کام کرے گی جس کے لئے دنیا میں تمام انبیاء کرام (ع) آئے تھے اور وہ کام یہ ہے کہ تمام انسانوں کو حق و سچ اور توحید کی دعوت دینا ہے، اللہ کے دین کو دنیا میں نافذ کرنا ہے، نبی کریم (ص) نے بھی دین کی اقامت کے لئے مکہ میں بے شمار صعوبتیں اٹھائیں اور دین کی سر بلندی کے لئے مکہ سے مدینہ ہجرت کی، ان کی ساری جدوجہد ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ہم اللہ کی رضا حاصل کریں اور جنت میں داخل ہوں، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اقامت دین کی جدوجہد کریں اور اپنے لئے جنت کو حاصل کریں، فریضہ اقامت دین اور اسلامی حکومت قائم کرنے کا کام آج ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا میں 57 اسلامی ممالک ہیں لیکن کسی جگہ اللہ کا دین حقیقی معنوں میں غالب اور حکمران نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی پاکستان بنائیں تو اللہ تعالیٰ ہمیں بھی رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے گا، ایک اسلامی پاکستان ہوگا تو کشمیر اور فلسطین بھی آزاد ہوگا، ملک میں بڑی معدنیات موجود ہیں، ملک ایک ایٹمی قوت اور طاقت اور نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں کی بداعمالیوں کے باعث ملک کے عوام مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کے اندر ایک دن کے لئے بھی اسلام نافذ نہیں کیا، آج ہمارے اور چین کے تعلقات کی بہت باتیں کی جارہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ اب مسائل حل ہوں گے، یہ حکمران مسائل حل کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ملک کے اندر سول اور فوجی حکمران برسراقتدار رہے لیکن اللہ کے دین سے بے وفائی کی گئی، موجودہ حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کی طرز پر عمل پیرا ہے، موجودہ معاشی پالیسی، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی پالیسی ہے جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایماء پر بنائی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 795371

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795371/حکمرانوں-کی-ناقص-پالیسیوں-کے-باعث-وسائل-سے-مالامال-ملک-بیرونی-قرضوں-میں-جکڑا-ہوا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org