QR CodeQR Code

عمران خان نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے جو وعدے کئے انہیں پورا کریں، بلاول بھٹو زرداری

21 May 2019 00:51

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے مسنگ پرسنز کے حوالے سے معاہدے پر عمل نہیں کیا، اس لیے ایم کیو ایم اور بی این پی کو چاہیے کہ وہ بجٹ میں حکومت کو ووٹ نہ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی دو اہم اتحادی جماعتوں کو بجٹ میں ووٹ نہ دینے کا مشورہ دے دیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ مشورہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں دیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے مسنگ پرسنز کے حوالے سے ایم کیو ایم اور بی این پی کے معاہدے پر عمل نہیں کیا، اس لیے ایم کیو ایم اور بی این پی کو چاہیئے کہ وہ بجٹ میں حکومت کو ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے کے وعدے کو پورا نہ کرے تو ایم کیو ایم اور اختر مینگل کو عوام دشمن بجٹ کو ووٹ نہیں دینا چاہیئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے جو وعدے ایم کیو ایم اور اختر مینگل سے کئے، انہیں پورا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے ایجنڈے پر نہیں تھا، مگر پارلیمانی ضوابط سے ناواقف ایک رکن نے یہ معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کو بہادر بچہ کہنے کے حوالے سے ہماری جانب سے مکمل وضاحت آچکی ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ راؤ انوار کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک راؤ انوار کی بات نہیں کرتے، کیونکہ ہم ماورائے عدالت قتل کا شکار رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی ماورائے عدالت قتل کا ہتھیار استعمال ہوتے دیکھا، میرا خاندان اس کا شکار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد اور جعلی پولیس مقابلوں کے خاتمے کے لئے ہمیں جدوجہد کرنا ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا تیسرا اہم اجلاس  منعقد ہوا۔


خبر کا کوڈ: 795390

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795390/عمران-خان-نے-جبری-گمشدگیوں-کے-حوالے-سے-جو-وعدے-کئے-انہیں-پورا-کریں-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org