0
Tuesday 21 May 2019 07:25

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہے تو مذاکرات کرے، مسعود خان

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہے تو مذاکرات کرے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ 26 فروری کو بھارتی دراندازی اور پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اب بھی باقی ہے جو کسی بھی وقت سنگین صورتحال اختیار کر کے جنگ کا سبب بن سکتی ہے، جب تک تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں جنگ کے سائے منڈلاتے رہیں گے، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہے تو مذاکرات کرے۔ بھارت ہر روز نہتے اور بے گناہ شہریوں کو جب لائن آف کنٹرول کی دوسری طرف قتل کرتا ہے اُس کا درد آزادکشمیر میں بھی اُسی شدت سے محسوس کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر مظفرآباد میں ایک غیر ملکی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ جب تک تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی اُمنگوں کے مطابق حل نہیں کر لیا جاتا جنوبی ایشیاء میں ایک ہولناک جنگ کے سائے منڈلاتے رہیں گے اور بھارت اور پاکستان اپنی سلامتی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہیں گے۔ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے کسی قابل عمل اور قابل قبول فارمولے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں جو فارمولہ اقوام متحدہ نے اپنی قرار دادوں میں طے کیا ہے وہ قابل عمل اور قابل قبول فارمولہ ہے لیکن بھارت اگر کسی اور طریقے سے یہ مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تو وہ سب سے پہلے مذاکرات کا سلسلہ شروع کرے اور کشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کرتے ہوئے اسے سفارتی طریقے سے حل کرنے کی طرف پیشرفت کرے۔
خبر کا کوڈ : 795402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش