0
Tuesday 21 May 2019 15:56

میرواعظ مولانا محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مزاحمتی قیادت

میرواعظ مولانا محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر حریت کانفرنس (گ)، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ، پیپلز پولیٹیکل فرنٹ، انجمن شرعی شیعیان اور ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے میرواعظ مولانا محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو اُن کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دونوں قائدین کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ تحریک آزادی کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کو جاری وساری رکھیں۔ سید علی گیلانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ تحریک آزادی کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے دونوں رہنماؤں کی تحریکی خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے عقیدتمندوں پر بالخصوص یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مشن کی آبیاری کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔

جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے گذشتہ دنوں بھدرواہ میں فرقہ پرستوں کے ہاتھوں ایک تاجر نعیم شاہ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔ نیشنل فرنٹ کے محبوس چیئرمین نعیم خان نے خراج پیش کرتے ہوئے اپنا یہ عزم دہرایا ہے کہ کشمیر کا مشن منطقی انجام تک پہنچاکر ہی دم لیا جائے گا۔ تہار جیل دلی سے اپنے ایک پیغام میں نیشنل فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم استقامت کے ساتھ میدان عمل میں ڈٹ جائیں اور سیاسی سوجھ بوجھ کا ثبوت دیکر عالمی برادری پر واضح کریں کہ جموں کشمیر کا خطہ متنازع ہے اور یہاں کے عوام کو ابھی اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا باقی ہے۔

پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین ایشاء کی سیاست میں ایک اعلیٰ مقام رکھتے تھے اور اپنی قوم میں اپنی سیاسی، سماجی اور دینی خدمات کے لئے ہر دلعزیز تھے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے کہا کہ کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کے لئے دونوں لیڈران کی سیاسی خدمات، کردار و عمل اور قربانیاں مزاحمتی تحریک کا ایک روشن باب ہے۔ ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین نے جس دلیری سے کشمیری قوم کی ترجمانی کی وہ ناقابل فراموش ہے۔
خبر کا کوڈ : 795415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش