QR CodeQR Code

پیلٹ متاثرین کا پریس کالونی میں احتجاج، مہلک ہتھیار پیلٹ گن پر پابندی کا مطالبہ

21 May 2019 15:56

پیلٹ وکٹمز ویلفیئر ٹرسٹ کے بینر تلے درجنوں پیلٹ متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ ہتھیار پر فوری طور پر پابندی عائد کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے شہر خاص سرینگر میں مہلک ہتھیار پیلٹ گن سے متاثرہ سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے متاثرین پریس کالونی میں جمع ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس مہلک ہتھیار سے آئے روز نوجوانوں کا مستقبل تاریک بنتا جارہا ہے۔ ایک طرف جہاں اسے سے انسان آنکھوں کی روشنی میں پوری طرح محروم ہوجاتا ہے وہیں دوسری طرف انسان کے ذریعہ معاش پر کاری ضرب پڑجاتی ہے۔ مظاہرین نے بتایا کہ جب ایک انسان کی آنکھ اور جسم میں پیلٹ پیوستہ ہوجاتے ہیں تو آنکھوں کی بینائی کے ساتھ ساتھ اُن کے مستقبل پر کاری ضرب پڑجاتی ہے۔

پیلٹ وکٹمز ویلفیئر ٹرسٹ کے بینر تلے درجنوں پیلٹ متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ ہتھیار پر فوری طور پر پابندی عائد کرے۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2018ء میں قابض فورسز نے اس مہلک ہتھیار کا استعمال کرتے ہوئے 230 افراد کی آنکھوں کی بینائی کو متاثر کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس ہتھیار کے استعمال سے نہ صرف آنکھوں کی بینائی متاثر ہوجاتی ہے بلکہ اس سے انسان کا مستقبل سے جڑے روزگار پر بھی کاری ضرب پڑجاتی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس ہتھیار سے متاثر ہوچکے نوجوان آج آنکھوں کی بینائی سے محروم ہے اور وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔

اعجاز نامی پیلٹ متاثر نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے اس مہلک ہتھیار کی وجہ سے اپنی ایک آنکھ کی بینائی مکمل طور پر کھودی ہے، میں متاثر ہونے سے پہلے ٹیلی کام آپریٹر کی خدمات انجام دے رہا تھا لیکن دسمبر 2017ء میں اس ہتھیار نے میری آنکھ کو نشانہ بناتے ہوئے مجھے جزوی طور پر نابینا بناکے رکھ دیا۔ اعجاز کا کہنا تھا کہ جب میری آنکھ میں روشنی چلی گئی تو مجھے اپنی نوکری کو چھوڑ دینا پڑا جس کے نتیجے میں میرے ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ اس موقعے پر مظاہرین نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے جائز اخراجات کو پر کرانے کی خاطر ان کی مالی معاونت کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 795416

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795416/پیلٹ-متاثرین-کا-پریس-کالونی-میں-احتجاج-مہلک-ہتھیار-گن-پر-پابندی-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org