QR CodeQR Code

میرواعظ منزل سرینگر میں عوامی مجلس عمل کے کارکنوں کی ریلی

21 May 2019 12:02

انجمن نصرۃ الاسلام کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایک صالح معاشرہ کی بنیاد تب تک نہیں ڈالی جاسکتی جب تک نہ ہم اپنے آپ میں تبدیلی پیدا نہ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے شہر خاص سرینگر میں عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے انجام دی۔ اس موقعہ پر انہوں نے میرواعظ مولوی محمد فاروق، حول سانحہ، خواجہ عبدالغنی لون کی برسیوں کی مناسبت سے اور جملہ شہدائے کشمیر کو انکی عظیم الشان قربانیوں پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ریلی میں تنظیم سے وابستہ عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی اور آج مزار شہداء عیدگاہ سرینگر پر طے شدہ جلسہ عام اور دعائیہ مجلس کی تقریب کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی سے خطاب میں میرواعظ نے میرواعظ محمد فاروق سمیت جملہ شہداء کی بے لوث قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہے کہ موجودہ حالات میں ہم من حیث القوم ان کے مشن کی آبیاری کے تئیں بھرپور استقامت اور وابستگی کا مظاہرہ کریں۔

درایں اثنا انجمن نصرۃ الاسلام کے اہتمام سے اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ’’عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی‘‘ کے زیر عنوان ایک سیمینار منعقد ہوا۔ انجمن نصرۃ الاسلام کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایک صالح معاشرہ کی بنیاد تب تک نہیں ڈالی جاسکتی جب تک نہ ہم اپنے آپ میں تبدیلی پیدا نہ کریں کیونکہ خدا اس قوم کی حالت تب تک نہیں بدلتا جب تک نہ وہ قوم خود اپنی حالت آپ بدلنے کیلئے جدوجہد نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان اپنی زندگی کو اسلامی طرز حیات سے منسلک کرکے ہی ایک بہتر سماج کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ نوجوان قوم و ملت کا سرمایہ ہوتا ہے اور کسی قوم یا سماج میں بیداری یا تحرک پیدا ہونا تب تک مشکل ہے جب تک اس قوم کا نوجوان بیدار نہیں ہوتا۔


خبر کا کوڈ: 795417

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795417/میرواعظ-منزل-سرینگر-میں-عوامی-مجلس-عمل-کے-کارکنوں-کی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org