QR CodeQR Code

آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات

21 May 2019 11:15

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ چینی سفیر یاؤ جنگ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ملاقات سے متعلق جاری کیے گئے مختصر بیان میں کہا کہ ' پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی'۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف اور چینی سفیر کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب آئندہ چند روز میں چین کے نائب صدر وانگ قشن پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔

پاکستان اور چین اپنے علاقائی معاملات پر تعاون کرتے رہتے ہیں اور افغانستان میں امن عمل میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ افغانستان میں امن عمل میں پیش رفت ہوئی ہے اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال بھی دونوں ممالک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ اس کے ساتھ ہی چین بلوچستان میں دہشت گردی کے زور پکڑنے خاص طور پر حال ہی میں گوادر میں ہوٹل پر ہونے والے حملے سے متعلق پرتشویش ہے جو پاک-چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) کا اہم ترین حصہ ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینف شوانگ نے حملے کے بعد کہا تھا کہ ہم حملے کی مذمت کرتے ہیں اور گوادر میں امن و استحکام کو محفوط بنانے اور چینی اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کر کے دہشت گردوں کے خاتمے پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہم مانتے ہیں کہ پاکستانی حکومت اور فوج اپنی قومی سلامتی اور سیکورٹی کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 795436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795436/آرمی-چیف-سے-چینی-سفیر-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org