QR CodeQR Code

حکومت کے سارے خوش نما اعلانات گھنٹوں میں ناکامی سے دوچار ہوچکے ہیں، سینیٹر تاج آفریدی

21 May 2019 12:13

افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر تاج محمد کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، تاہم عمران خان نے جن مشکلات سے قوم کو دوچار کیا ہے، اس سے باآسانی نکالنا دیگر جماعتوں کیلئے بھی آسان نہیں ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے پی ٹی آئی کی حکومت کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان کی حکومت مزید چند دن برقرار رہی تو ملک و قوم کو معاشی حوالے سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ افطار ڈنر کے بعد میڈیا کے ساتھ گفتگو میں سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت کے سارے خوش نما اعلانات گھنٹوں میں ناکامی سے دوچار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو ملک و قوم کیلئے منحوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک چلانا عمران خان اور اس کے نااہل ٹولے کے بس کی بات نہیں۔ تاج محمد آفریدی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی سے بھی اب ملک کے معاشی مسائل حل نہیں ہونگے، سٹیٹ بینک کا گورنر، ایف بی آر کا چیئرمین اور مشیر خزانہ تینوں آئی ایم ایف کے نمائندے ہیں اور جو 6 ارب ڈالر قرضہ ملا ہے، یہ مشروط ہے، جس کے نتیجے میں قوم مزید مشکل میں پڑ جائے گی۔

سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، تاہم عمران خان نے جن مشکلات سے قوم کو دوچار کیا ہے، اس سے باآسانی نکالنا دیگر جماعتوں کیلئے بھی آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم سینیٹ سے بھی پاس ہو جائے گی، تاہم کئی پیچیدگیاں ہیں، جن کے بارے میں وہ کچھ دن بعد عوام کو آگاہ کریں گے۔ سینیٹر تاج محمد نے کہا کہ وہ اجتماعی منصوبوں کی منظوری اپنے بجٹ میں دے چکے ہیں، جس سے علاقے کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور یہ کہ وہ انفرادی منصوبے نہیں کرتے، جس سے پھر مشکلات پیدا ہوں۔ سینیٹر نے کہا کہ ان کے فنڈز لیپس نہیں ہوئے اور ان کے منظور کردہ کئی ترقیاتی اور آبنوشی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 795467

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795467/حکومت-کے-سارے-خوش-نما-اعلانات-گھنٹوں-میں-ناکامی-سے-دوچار-ہوچکے-ہیں-سینیٹر-تاج-آفریدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org