QR CodeQR Code

کراچی میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس، یوم علیؑ سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا

21 May 2019 23:52

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یوم علیؑ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔




اسلام ٹائمز۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس رینجرز ہیڈکوارٹر کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی / اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز (ایسٹ، ساﺅتھ، ویسٹ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 21 رمضان المبارک یوم علیؑ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یوم علیؑ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سندھ حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رمضان المبارک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے مرتب کی گئی حکمت عملی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا۔


خبر کا کوڈ: 795593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795593/کراچی-میں-اعلی-سطح-کا-سیکیورٹی-اجلاس-یوم-علی-پلان-جائزہ-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org