QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا کے سرکاری ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم، او پی ڈیز میں کام شروع

22 May 2019 13:43

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرنے پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلٰی کی سربراہی میں ڈاکٹروں کے تحفظات دور ہونا خوش آئند ہے اور ڈاکٹروں نے عوام کی مشکلات سمجھتے ہوئے ہڑتال ختم کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد آج سے معمول کے مطابق آپریشنز چلائے جارہے ہیں۔ خیبر ٹیجنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں 6 روز بعد ڈاکٹروں کی آمد ہوئی تو مریضوں کو رش لگ گیا۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری ڈاکٹرز 6 روز سے ہڑتال پر تھے اور اس دوران وہ او پی ڈیز میں بھی پیش نہ ہوئے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرنے پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلٰی کی سربراہی میں ڈاکٹروں کے تحفظات دور ہونا خوش آئند ہے اور ڈاکٹروں نے عوام کی مشکلات سمجھتے ہوئے ہڑتال ختم کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔ وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات لانے کا مقصد عوام کو بہترین طبی سہولیات دینا ہے، اصلاحات کے ذریعے عوام کو سستا اور معیاری علاج دینا ہے، مستقبل میں بھی ڈاکٹروں سے اسی طرح کے مہذب رویئے کی امید رکھتے ہیں۔ گذشتہ روز ڈاکٹرز کونسل کے رہنماؤں نے وزیراعلٰی محمود خان کے ساتھ ملاقات کی اور اس موقع پر مذاکرات کی کامیابی کے بعد ڈاکٹروں نے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ 16 مئی کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں وزیراعظم عمران خان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالدین کے درمیان تکرار ہوئی۔ بعدازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ محافظوں کے ہمراہ آئے اور مبینہ طور پر ڈاکٹر ضیاء کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ سینئر ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف ڈاکٹروں نے ہڑتال کی اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال سمیت لیڈی ریڈنگ، حیات آباد میڈیکل کمپلکس سمیت باقی تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے کام بند کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 795688

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795688/خیبر-پختونخوا-کے-سرکاری-ڈاکٹروں-کی-ہڑتال-ختم-او-پی-ڈیز-میں-کام-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org