0
Wednesday 22 May 2019 18:23

سنی اتحاد کونسل نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کو حرام قرار دیدیا

سنی اتحاد کونسل نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کو حرام قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے پچیس مفتیان کرام کی طرف سے جاری کئے گئے اجتماعی فتوی میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی حرام ہے، حدیث میں ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کو لعنتی قرار دیا گیا ہے۔ موجودہ سنگین معاشی صورتحال میں نفع کمانے کیلئے ڈالر خریدنا بدترین گناہ اور ملک سے بے وفائی ہے، قوم ڈالر کا بائیکاٹ کرکے ملک سے وفا اور محبت کا ثبوت دے۔ فتوی میں اپیل کی گئی ہے کہ قوم ملکی مصنوعات استعمال کرے اور ڈالروں میں خریدی جانیوالی غیر ملکی مصنوعات کا استعمال اور خرید و فروخت ترک کر دے جبکہ حکومت پُرتعیش اشیاءکی در آمد پر پابندی عائد کرے۔ فتوی میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرکے ملکی کرنسی کی قدر کم کرنا شرعی طور پر ناجائز ہے۔ ذخیرہ اندوزی سے متعلق قرآن و حدیث کے احکامات بہت واضع اور دوٹوک ہیں۔ قرآن میں سونا چاندی (ڈالر، روپیہ، پیسہ) جمع کرنیوالوں کو سخت عذاب کی وعید سنائی گئی ہے۔ اسلام ارتکاز دولت کا سب سے بڑا مخالف ہے۔

فتوی میں کہا گیا ہے کہ ملک کی حفاظت اور ترقی کے لئے کوشش کرنا ہر پاکستانی کا مذہبی و قومی فریضہ ہے اس لئے ہر پاکستانی ڈالر اور غیر ملکی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لئے اپنا فریضہ ادا کرے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے پوری قوم متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر اجتماعی فتوی جاری کرنے والے مفتیان کرام میں ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، مفتی مشتاق احمد نوری، مفتی عمران انور نظامی، مفتی مسعود الرحمن، مفتی ظفر جبار چشتی، مفتی نعیم جاوید نوری، علامہ مفتی حامد سرفراز، علامہ محمد اکبر نقشبندی، مفتی عابد علوی، مفتی تنویر احمد، مفتی امتیاز حسین، مفتی ندیم قمر، مفتی افضل نعیمی، مفتی فیصل شہزاد، مفتی امان اللہ شاکر، مفتی برکات احمد صدیقی، مفتی مختار احمد ندیم،مفتی محمد رحمت اللہ رضوی، مفتی غلام عثمان غنی، مفتی محمد صدیق رضوی، مفتی شمس الرحمن، علامہ حافظ یعقوب فریدی، علامہ اخلاق احمد جلالی، مفتی تنویر الاسلام، علامہ فیض بخش رضوی، علامہ محمد طاہر، علامہ عبدالستار، علامہ احمد رضا قادری اور دیگر شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 795766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش