0
Wednesday 22 May 2019 20:20

خاصہ دار فورس اور لیویز کا پہلا بیج جدید تربیت کیلئے روانہ

خاصہ دار فورس اور لیویز کا پہلا بیج جدید تربیت کیلئے روانہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے خاصہ دار فورس اور لیویز اہلکاروں کی پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی تربیت کا آغاز ہوگیا ہے۔ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پولیس جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کیلئے نوشہرہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر محکمہ پولیس میں ضم ہونے والے خاصہ دار فورس کے 26 جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس میں ضم ہونے کے بعد کسی بھی سابقہ خاصہ دار یا لیویز فورس کا پہلا بیج ہے جن کو خصوصی تربیت کیلئے منتخب کیا گیا۔ جوانوں کو پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ میں بم ریکانسز کورس کرایا جائے گا۔ محکمہ پولیس میں ضم ہونے کے بعد جوانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں جن سے بخوبی نبرد آزما ہونے کی خاطر جوانوں کو جدید تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمٰن کے مطابق فاٹا انضمام کے بعد سابق خاصہ دار اور لیویز فورس کو بھی محکمہ پولیس میں ضم کیا گیا جن کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی خاطر ان کو جدید تربیت دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر خصوصی کورس کرانے کی خاطر 26 جوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جن کو پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ بھیج دیا گیا جہاں پر پولیس میں ضم ہونے والے اہلکاروں کو جدید بم ریکانسز کورس کرایا جائے گا۔ اسی طرح دیگر اہلکاروں کو بھی اس طرز کے جدید کورس کرائے جائیں گے جس سے پولیس اہلکاروں کے استعدد کار اور پیشہ ورانہ مہارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ سی سی پی او قاضی جمیل الرحمٰن نے گذشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں جوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کی ہے ، اس موقع پر ڈی پی او ضلع خیبر محمد حسین بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے اس موقع پر ضم ہونے والے جوانوں کا جدید کورسز کیلئے منتخب ہونے کو تاریخی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے جوانوں کو جدید کورسز کرانے کا مقصد وہاں امن و امان کے قیام اور جرائم کی سرکوبی کی خاطر جوانوں کے استعداد کار میں اضافہ اور ان کو جدید دور کے تقاضوں اور ضرورتوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔ انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں جس کے بعد وہ ضلع کے مختلف مقامات پر اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے تمام جوانوں کے عزم و حوصلے کا داد دیتے ہوئے جوانوں کو پوری توجہ اور انہماک سے تربیت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بعد ازاں پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ کے ڈائریکٹر نیاز محمد یوسفزئی نے نوشہرہ آمد پر جوانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے جوانوں سے فرداََ فرداََ مصافحہ کیا اور ان کو خیبر پختونخوا پولیس کے جدید اور بین الاقوامی معیار کے تربیتی مرکز آنے پر ان کو خوش آمدید کہا۔ جوانوں نے اسکول آمد کے بعد خیبر پختونخوا پولیس کے شہیدوں جنہوں نے مختلف اضلاع میں بم ناکارہ کرنے کے دوران اپنی جانوں کی قربانی پیش کی تھی کے یادگار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر جوانوں کا عز م و حوصلہ دیدنی تھا۔ پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ کے ڈائریکٹر نیاز محمد یوسفزئی نے واضح کیا ہے کہ جوانوں کو ابتدائی طور پر مختلف قسم کے بارودی مواد اور ان کو ناکارہ بنانے سے متعلق جدید ساز و سامان کے ذریعے تربیت دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسکول آمد اور تربیت شروع ہونے کے بعد جوانوں نے جلد از جلد جدید تربیت حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرنے اور جدید تربیت سے آراستہ ہو کر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 795775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش