0
Thursday 23 May 2019 08:27

جس معاشرے میں بچے محفوظ نہ ہوں وہ مہذب نہیں کہلا سکتا، خرم نواز گنڈاپور

جس معاشرے میں بچے محفوظ نہ ہوں وہ مہذب نہیں کہلا سکتا، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے لاہور میں مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جہاں بچے غیر محفوظ ہوں وہ معاشرہ مہذب نہیں ہو سکتا، زینب کے قاتل کو پھانسی دینے سے امید بندھی تھی کہ بچیوں کیخلاف جرائم میں کمی آئے گی مگر ایسا نہیں ہو سکا، اسلام آباد کی معصوم بچی فرشتہ مہمند کیساتھ پیش آنیوالے درندگی کے واقعہ نے ایک بار پھر پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ فرشتہ مہمند کے واقعہ میں بھی پولیس کی بے حسی کھل کر سامنے آئی، جس طرح زینب کے معاملے میں بروقت کارروائی نہیں کی گئی اس واقعہ میں بھی اسی روایتی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، فرشتہ مہمند کے قاتلوں کو سرعام پھانسی دی جائے اور زینب کیس کی طرح اس کیس میں بھی سپیڈی ٹرائل ہونا چاہیے۔
 
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ بچوں کیساتھ درندگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، ہر کیس میں پولیس، پراسیکیوشن کی نا اہلی نظر آتی ہے، بچوں کیخلاف جرائم میں ملوث عناصر کو فوری اور کڑی سزا دینے کیلئے الگ سے خصوصی عدالت بنائی جائے جو صرف بچوں سے متعلق کیس نمٹائے۔ انہوں نے کہا کہ فرشتہ مہمند کے اہلخانہ کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے شرقپور کے سکول میں ٹیچرز کی طرف بچی کو الٹا لٹکا کر تشدد کے واقعہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ذہنی مریض اساتذہ کا سکولوں کی بجائے نفسیاتی ہسپتالوں میں علاج کیلئے بھیجا جائے، بچوں پر تشدد کرنیوالے استاد نہیں قصاب ہیں۔ انہوں نے گوجرانوالا میں بھی گھریلو ملازمہ پرتشدد کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کے بچے محفوظ نہ ہوں اور مختلف قسم کے استحصال اور تشدد کا شکار ہوں اس معاشرے کو مہذب نہیں کہا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 795807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش