0
Thursday 23 May 2019 17:31

کراچی میں بھتہ مافیا پھر سرگرم ہوگئے

کراچی میں بھتہ مافیا پھر سرگرم ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ماربل کے تاجر سے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ نامعلوم بھتہ خوروں کے خلاف درج کرلیا گیا، بھتہ خوروں نے تاجر کو 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھیجی تھی۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے ماربل فیکٹری کے مالک اسامہ شجاع کی مدعیت میں نامعلوم بھتہ خوروں کی جانب سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ درج کر لیا۔ مدعی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ 20 مئی 2019ء کو سوا 9 بجے ایک نوجوان لڑکا جو شکل صورت سے بلوچ دکھتا تھا، میری فیکٹری کے مین گیٹ پر آیا اور چوکیدار سردار گل کو ایک لفافہ دیا جس پر میرا نام (اسامہ صاحب) درج تھا۔ چوکیدار نے لفافہ مجھے لاکر دیا، میں نے لفافہ کھول کر دیکھا تو اس میں ایک پرچی نکلی، جس پر لکھا تھا کہ 10 لاکھ روپے یا موت، 24 گھنٹے میں رقم کا انتظام کرو، ورنہ اپنی فیملی سمیت اپنے آپ کو زندہ نہیں دیکھو گے، پرچی پر درج تھا کہ آپ کا گھر دیکھا ہوا ہے اور آنے جانے کا راستہ بھی معلوم ہے۔

فیکٹری کے مالک سے رابطہ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ بھتے کی پرچی دینے والوں کو نہیں جانتے اور نہ ہی ان کی کسی سے کوئی دشمنی ہے، انہوں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی اور ان کے اہلخانہ کی جان کو خطرہ ہے، لہٰذا انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ منگھوپیر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کو منتقل کر دی۔
خبر کا کوڈ : 795891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش