0
Thursday 23 May 2019 17:32

صبر، برداشت اور رواداری ماہ رمضان المبارک کے خصوصی انعام ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی

صبر، برداشت اور رواداری ماہ رمضان المبارک کے خصوصی انعام ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی کا صوبائی دفتر میں کارکنان کی تربیتی نشت سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ماہ صیام تزکیہ نفس کا مہینہ ہے اس مقدس مہینہ میں اللہ تعالیٰ موقع عطا کرتا ہے کہ ہم صوم و صلواۃ اور عبادات کے ذریعے اپنی اندرونی کثافتیں دور کریں، رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ اور اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے، محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبر و تحمل رواداری، اخوت، عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے، اس ماہ مبارک میں ایثار و قربانی کے جذبات کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیئے، سحری و افطاری کے اوقات میں عزیز و اقرباء کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے مزید کہا کہ جو لوگ رمضان کے دنوں میں چور بازاری اور خود ساختہ مہنگائی کرتے ہیں وہ روزداروں کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں، اس طرح کے اعمال روزہ کی قبولیت میں مانع ہیں، ایسے لوگ روزہ کے روحانی فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں، روزہ محض بھوکا رہنے کا نام نہیں بلکہ اپنے تمام اعضاء کو غیر شرعی امور سے دور رکھنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر، برداشت اور رواداری اس مقدس مہینے کے خصوصی انعام ہیں، روزے کا حقیقی لطف ان انعامات کے حصول میں ہے، یہ تب ہی حاصل ہوتے ہیں جب نفس کے ساتھ جہاد میں ثابت قدمی اور استقامت اختیار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 795892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب