0
Thursday 23 May 2019 17:38

قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو ہونیوالی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی معطلی کا امکان

قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو ہونیوالی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی معطلی کا امکان
اسلام ٹائمز۔ قبائلی اضلاع کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کے حوالے سے 26ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور ہو چکی ہے، جس کے بعد قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو ہونے والی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ممکنہ طور پر معطل ہو سکتے ہیں، تاہم معطلی کے حوالے سے واضح احکامات نہ ملنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن انتخابات کے لئے تیاری میں مصروف ہے، اس سلسلے میں آج بروز جمعرات الیکشن کمیشن نے 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے حتمی امیدواروں کے حوالے سے معلومات شائع کی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے کل 437 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص  4 نشستوں کے لئیے 30 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔

اقلیتی مخصوص واحد نشست کے لئے 9 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق جنرل نشستوں پر 23 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، جبکہ 414 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر 22 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، جبکہ 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ اسی طرح اقلیتی مخصوص نشستوں پر 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، جبکہ 3 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ ریٹرنگ آفیسرز کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں کل 6 اپیلیں دائر کی گئیں ہیں۔ خیال رہے کہ 26واں آئینی ترمیمی بل 13 مئی کو قومی اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 795895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش