QR CodeQR Code

سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب ہونے نہیں دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

23 May 2019 23:06

ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی حکومت کا یہ اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے، ہم ہر فورم پر اس کی مزاحمت کریں گے، وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب ہونے نہیں دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین اسپتالوں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیلولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کا کنٹرول حاصل کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں سندھ حکومت کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک انتظار کرنا بھی گوارا نہیں کیا، چیئرمین نیب کی جانب سے وفاقی وزراء کے خلاف تحقیقات روکنے کے اعترافی بیان اور وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے ملک میں آئینی بحران کو ظاہر کردیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت ملنے والے مذکورہ اسپتالوں میں حکومت سندھ نے انقلابی اقدامات اٹھائے، این آئی سی وی ڈی کا دیگر شہروں میں قیام حکومت سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے، جس میں میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت نے اٹھا رکھے تھے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں، وفاقی حکومت کا یہ اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے، سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب نہیں کرنے دیں گے اور ہم ہر فورم پر اس کی مزاحمت کریں گے، وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔


خبر کا کوڈ: 795945

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/795945/سندھ-کے-عوام-اپنے-ٹیکس-اور-محنت-سے-بنائے-اثاثوں-کو-غصب-ہونے-نہیں-دیں-گے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org