0
Friday 24 May 2019 13:57

قبائلی اضلاع میں بینک برانچز بڑھانے پر غور

قبائلی اضلاع میں بینک برانچز بڑھانے پر غور
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد اورنگزیب نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں حبیب بینک لمیٹڈ کے صوبے میں نیٹ ورک، ضم شدہ اضلاع میں موجود برانچز، صوبائی حکومت کے ساتھ بینک کے ممکنہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی و بجلی حمایت اللہ خان اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ صوبے میں ایچ بی ایل کی 200 برانچز کام کر رہی ہیں، ضم شدہ اضلاع میں سولہ برانچز ہیں، جن کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں بینک کی برانچز زیادہ کرنے کی ضرورت ہے۔  بینک نئے اضلاع میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی یا جوبھی تعاون کرسکتا ہے، اسے کرنا چاہئیے کیونکہ ضم شدہ اضلاع کے عوام گزشتہ 35 سالوں سے بڑی تکالیف اور مصائب کا شکار رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کو ترقی اور خوشحالی کے قومی دہارے میں لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح اور نتیجہ خیز اہداف کے تحت بینک کے ساتھ باہمی شراکت اور سرمایہ کاری کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے بینک اورمتعلقہ صوبائی محکموں خصوصاً محکمہ توانائی کے اعلیٰ حکام کو آپس میں بیٹھ کرلائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا خصوصی تذکرہ کیا گیا، محمد اورنگزیب نے صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 796011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش