0
Friday 24 May 2019 16:04

ایران خطے میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، جواد ظریف

ایران خطے میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ دوستی اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھا ہوا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے، پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور خطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور ایران کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں اور ایران پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ہمسایہ ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، ایران خطے میں امن و ترقی کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کی وجہ سے دہشتگردی پر قابو پانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 796025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش