QR CodeQR Code

فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کیلئے اسرائیل کے خلاف بیداری کی ضرورت ہے، مولانا امین انصاری

24 May 2019 17:22

یوم یکجہتی فلسطین و مذمت اسرائیل کے موقع پر ایم یو ایم کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اقدام قابل تقلید و ستائش ہے، مسلم حکمران قبلہ اول کی بازیابی کے لئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم جابر، غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی اپیل پر ملک بھر میں قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کیلئے یوم یکجہتی فلسطین و مذمت اسرائیل منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے محراب و منبر سے قبلہ اول پر قابض اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کیلئے بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ متحدہ علماء محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کا قیام مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے لئے کھلا چیلنج اور تازیانہ ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے نام نہاد اسرائیلی ریاست کسی طور قبول نہیں کی جاسکتی۔ اس موقع پر مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے گئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امام خمینی ؒ کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اقدام قابل تقلید و ستائش ہے، مسلم حکمران قبلہ اول کی بازیابی کے لئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم جابر، غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے، نہتے مظلوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم عالمی انسانی ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی ہے۔

مختلف مساجد اور مقامات پر اپنے خظابات میں مولانا جعفرالحسن تھانوی، علامہ مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، مولانا عبدالکریم عابد، پروفیسر حافظ محمد سلفی، محمد اسلم غوری، علامہ عقیل انجم، علامہ علی کرار نقوی، علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ امیر عبداللہ فاروقی، علامہ عبداللہ غازی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ نصیر سواتی، علامہ اختر محمدی، علامہ غلام محمد سلیم، علامہ اظہر ہمدانی، ابومریم صابر کربلائی، علامہ نثار قلندری، مولانا سلیم اللہ، علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی، برجیس احمد، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، محمد شکیل قاسمی، علامہ شاہدین اشرفی، مفتی وجیہہ الدین، مولانا انس عباسی و دیگر نے مسلم حکمرانوں کو جھجوڑتے ہوئے کہا کہ اپنے مفاد کیلئے تو کئی اتحاد بنالئے جاتے ہیں لیکن قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی وحشیانہ مظالم سے بچانے کیلئے کوئی احساس نہیں، تاریخ اسلام مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت و کوتاہی کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ کسی طور قبول نہیں، اسرائیلی ناپاک حکومت کے وجود کو کسی قیمت پر تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ آئمہ کرام نے قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور نہتے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائیں اور جمعتہ الوداع کو کراچی سمیت راولپنڈی اسلام آباد، لاہور، حیدرآباد، سکھر سمیت پورے ملک میں یوم القدس جوش و جذبے کے ساتھ منائے جانے کا متفقہ اعلان کیا۔


خبر کا کوڈ: 796039

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796039/فلسطینی-مسلمانوں-سے-یکجہتی-کیلئے-اسرائیل-کے-خلاف-بیداری-کی-ضرورت-ہے-مولانا-امین-انصاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org