QR CodeQR Code

چینی نائب صدر 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے

25 May 2019 11:36

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر کے دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ہمسایہ ملک چین کے نائب صدر وانگ کشان 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر کے دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق معزز مہمان اپنی پاکستان آمد کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ چینی نائب صدر کے دورہ سے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار اور آزمودہ دوستی کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔

ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ واضح رہے رواں سال اپریل میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم کے دورہ چین کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک چین وزرائے اعظم کی موجودگی میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، جب کہ آزادانہ تجارت میں معاہدوں کے دوسرے مرحلے کی منظوری بھی دی گئی۔ پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے پہلے فیز کے ڈیزائن اور حویلیاں میں سی پیک کے تحت ڈرائی پورٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ملاقاتوں میں سمندری سائنس میں تعاون بڑھانے کے ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔
 


خبر کا کوڈ: 796175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796175/چینی-نائب-صدر-26-سے-28-مئی-تک-پاکستان-کا-3-روزہ-سرکاری-دورہ-کریں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org