QR CodeQR Code

کراچی میں چائنا کٹنگ کا سپر میگا اسکینڈل سامنے آگیا

25 May 2019 23:08

احسن آباد سوسائٹی اور پولیس افسران کی ملی بھگت سے گوٹھ اللہ بخش کو خالی کرانے کیلئے گھروں پر چھاپے اور 75 کے قریب ایف آئی آر درج کا انکشاف ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سرکاری اداروں کی ناک کے نیچے اللہ
بخش گوٹھ کو خالی کرانے کیلئے تھانہ سائٹ سپرہائی وے اور احسن آباد پولیس چوکی کے افسران اور اہلکار مکینوں کے گھروں پر چھاپے مار کر بے گناہوں کو گرفتار کر رہی ہے اور ان کے خلاف سنگین مقدمات قائم کرکے ہراساں کر رہے ہیں، ابھی تک 75 کے قریب ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں، مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، رہائشی شدید عدم تحفظ کے شکار ہیں، کوئی مددگار نہیں ہے۔ اللہ بخش ویلفیئر ایسوسی ایشن، اللہ بخش گوٹھ کراچی کے صدر جام غلام محمد نے چیئرمین نیب اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کیس بھی بحریہ ٹاﺅن طرز کا کیس ہے، ملک ریاض کی طرح احسن آباد سوسائٹی پر بھی جرمانہ عائد کرکے وصول کیا جائے۔

انہوں نے تھانہ سائٹ سپرہائی وے اور احسن آباد پولیس چوکی کی جانب سے مکینوں کو ہراساں کئے جانے اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے پر پولیس حکام اور وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تھانے کے کرپٹ افسران کو فوری طور پر معطل کرکے اللہ بخش گوٹھ کے مکینوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس گردی کی بدترین مثال معصوم لوگوں کو گھروں سے اٹھاکر ان پر مقدمات قائم کرکے گھر خالی کرنے کی دھمکیاں دینا اور ہراساں و خوفزدہ کرکے اپنی محنت کی کمائی سے بنائے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ بخش گوٹھ کے مکینوں کو فوری طور پر تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 796296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796296/کراچی-میں-چائنا-کٹنگ-کا-سپر-میگا-اسکینڈل-سامنے-آگیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org