0
Sunday 26 May 2019 18:05

اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کرنا سب سے بڑی سنت ہے، اسداللہ بھٹو

اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کرنا سب سے بڑی سنت ہے، اسداللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کرنا آپ کی سب سے بڑی سنت ہے، آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ پارلیمنٹ میں زیر بحث لاکر قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے، مفاد پرست حکمرانوں نے سودی معیشت کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کی ہے، آئی ایم ایف سے بے تحاشہ قرض لیکر عملی طور پر ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ کر ملکی آزادی و خودمختاری کو داﺅ پر لگا دیا ہے، اس سے نجات کا واحد ذریعہ قرآن و سنت کا نظام یعنی اسلامی حکومت کا قیام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت احسن آباد پارک گلشن معمار میں عوامی دعوت افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا شفیع چترالی، امین اشعر نے بھی خطاب کیا۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ مال و دولت مقصد زندگی ہرگز نہیں بلکہ ضرورت زندگی ہونا چاہیئے کیونکہ یہ سب کچھ دھوکے کا سامان کے سوا کچھ نہیں ہے، ایک مومن اور آخرت پر یقین رکھنے والا بندہ ہمیشہ دنیا کے زیب و زینت پر آخرت کی کامیابی والی زندگی کو ترجیح دیتا ہے، جس نے ایمان و احتساب کے ساتھ روزہ رکھا وہ کامیاب ہوگیا۔

اسداللہ بھٹو نے مزید کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک کو قیام پاکستان بھی اللہ کا انعام ہے، اللہ کی اس نعمت کا قوم کو شکر ادا کرنا چاہیئے کیونکہ ناشکری کرنے والوں سے اللہ تعالیٰ اپنی نعمتیں چھین لیتا ہے، حکومت صرف اپنا مال بنا رہی ہے، حکمرانوں کی شاہ خرچیاں اور نیب کیسز اس بات کا کھلا ثبوت ہیں، حکومت جس کا کام عوام کی فلاح بہبود ہے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے بلکہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے بجائے عوام کو مہنگائی اور مزید قرضوں کے جال میں جکڑ کر رکھ دیا ہے، اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے، تاریخ گواہ ہے جب بھی باطل قوتوں نے اسلام کے خلاف سر اٹھایا مجاہدین اسلام نے ان قوتوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔
خبر کا کوڈ : 796404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش