QR CodeQR Code

چیئرمین نیب سے متعلق انکوائری پارلیمانی کمیٹی سے کرائی جائے، ناصر حسین شاہ

26 May 2019 18:13

رانی پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ وفاق سندھ کے 40 ارب روپے نہیں دے رہا، نیب نے پیپلز پارٹی سے کوئی رعایت نہیں کی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو روز نیب میں پیش ہو رہے ہیں، اب چیئرمین نیب خود اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاق کا سندھ کے 3 بڑے اسپتال اپنے زیر انتظام رکھنا زیادتی ہے، جن اسپتالوں کا انتظام سنبھالا جا رہا ہے انہیں فنڈز بھی دیئے جائیں۔ رانی پور میں درگاہ غوثیہ دستگیر کے سجادہ نشین پیر غلام غوث شاہ جیلانی سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاق نے سندھ کے تینوں بڑے اسپتالوں کا کنٹرول واپس لے لیا ہے، یہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، جن اسپتالوں کا انتظام وفاق سنبھال رہا ہے، انہیں فنڈز بھی دیئے جائیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاق سندھ کے 40 ارب روپے نہیں دے رہا، پیسے نہ ملنے سے سندھ کے اہم منصوبے مکمل نہیں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے پیپلز پارٹی سے کوئی رعایت نہیں کی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو روز نیب میں پیش ہو رہے ہیں، اب چیئرمین نیب خود اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین نیب سے متعلق انکوائری پارلیمانی کمیٹی سے کرائی جائے، پتا چلے کس کے اشارے پر ویڈیو منظر عام پر لائی گئی۔ خیال رہے کہ وفاق نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 796405

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796405/چیئرمین-نیب-سے-متعلق-انکوائری-پارلیمانی-کمیٹی-کرائی-جائے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org