0
Sunday 26 May 2019 22:18

عمران خان نے جن لوگوں کو نفیس قرار دیا، ان کے دور میں صرف شہداء قبرستان آباد ہوا، مصطفیٰ کمال

عمران خان نے جن لوگوں کو نفیس قرار دیا، ان کے دور میں صرف شہداء قبرستان آباد ہوا، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان نے جن لوگوں کو نفیس قرار دیا ہے ان کے دور میں سیکڑوں ایکڑ پر مشتمل شہداء قبرستان آباد ہوا، عمران خان کراچی کا سلگتا ہوا مسئلہ ایک حکم نامہ کے ذریعے حل کر سکتے ہیں لیکن وہ نفیس لوگوں کی بلیک میلنگ کا شکار ہو رہے ہیں، چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال کو الزامات کے بعد مستعفی ہوجانا چاہیئے، یہ پوری قوم کی رسوائی ہے کہ ان پر کرپشن کا الزام لگ گیا ہے، آڈیو اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیئے۔ وہ پی ایس پی حیدرآباد کے زیراہتمام مقامی ہال میں دیئے گئے افطار ڈنر پروگرام میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی، شبیر قائم خانی، اشفاق منگی، آسیہ اسحٰق، شعیب جعفری اور دیگر رہنماؤں کے علاوہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محمد حنیف صدیقی، پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عبدالجبار خان، پی ٹی آئی کے محراب گل مہمند، ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی، جے یو آئی (س) کے علامہ عبدالصمد حیدری، حافظ ارمان چوہان، تاجر رہنماء سلیم وہرہ، ساجن ملاح، عبدالقدیر ناغڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 32 سال میں 11 انتخابات جیتنے کے باوجود ایم کیو ایم نے عوام کے لئے کیا کیا، کراچی میں جو ترقی ہوئی وہ صرف میرے دور میں ہوئی ہے، جو بلدیاتی نظام نہیں چلا سکتے وہ صوبہ کیسے چلائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگانے کا مقصد محض ہماری جدوجہد کو سبوتاژ کرنا ہے، یہ سندھ میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اختر مسائل اور اختیارات کا رونا رونے کے بجائے 75 ارب روپے کا حساب دیں، ان پر کرپشن کا الزام صرف ہم نہیں بلکہ ڈاکٹر فاروق ستار بھی لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا مگر ہم مایوس نہیں ہیں، آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں کے میئر پی ایس پی کے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن لوگوں کو نفیس قرار دیا ہے ان کے دور میں سیکڑوں ایکڑ پر مشتمل شہداء قبرستان آباد ہوا ہے، عمران خان کراچی کا سلگتا ہوا مسئلہ ایک حکم نامہ کے ذریعے حل کر سکتے ہیں لیکن وہ نفیس لوگوں کی بلیک میلنگ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے کواٹروں میں آباد لوگوں کو بے گھر کرنا انسانیت کے منافی ہے، عوام ہمارے کردار اور دیگر سیاستدانوں کے کردار کا موازنہ کرکے یہ فیصلہ کریں کہ ان کی خدمت کون کر سکتا ہے، سرکاری مکانات رہائشی افراد کو لیز کرنا قبضہ مافیا کی سرپرستی نہیں ہے/ اس سوال پر انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولاد کو اس طرح بے گھر کرنا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔
خبر کا کوڈ : 796422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش